میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ہمارا بہت بڑا محکمہ ہے جو مشکلات سے
دوچار ہے۔ ہمارے فائر مین اپنی جان پر کھیل کر آگ بجھاتے ہیں، ان کے پاس نہ
ہیلمٹ ہے اور نہ ماسک ہیں۔
بارہ دری میں سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو فائر ٹینڈرزاور
اسنارکل دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کا مزید
کہنا تھا کہ میں جن حالات میں میئر بنا تھا اس وقت شہری حکومت کے پاس صرف
چھ فائر ٹینڈرز تھے لیکن آج ہمارے پاس سینتیس فائر ٹینڈرز موجود ہیں جو
خراب حالت میں پڑے تھے ان کو ٹھیک کرایا گیا ہے۔ اسی طرح تین اسنارکل ہیں
اور ایک خراب پڑی ہے جس کو ٹھیک کرانا ہے اس کے علاوہ بتیس فائر ٹینڈرز کو
بھی ٹھیک کرانا ہے جس کے بعد ہماری رفتار بڑھ جائے گی کیونکہ کراچی میں
تقریباً ہر روز آگ لگتی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے دی گئی اسنارکل کی مدد
سے اب ہم آٹھ منزل سے اوپر کی بھی لگی آگ کو بجھانے کے قابل ہوگئے ہیں۔
میئر کراچی کا یہ بھی کہنا تھاکہ فائر مین اپنی جان پر کھیل کر آگ بجھاتے
ہیں لیکن بدقسمتی سے نہ ان کے پاس ہیلمٹ ہیں اور نہ ماسک ہیں، آگ میں پھنسے
لوگوں کو مصیبت میں دیکھ کر وہ رسک لیتے ہیں اور ایک جذبے کے تحت ان کو
بچاتے ہیں۔