کراچی، ضمنی انتخابات کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ
ملک کے دو بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی
نے موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اتحاد کا فیصلہ کرلیا۔ اس اتحاد کے
نتیجے میں ضمنی انتخابات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں فتح
دلوانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کو سندھ میں
کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے اپنے
امیدواروں کو دستبردار کرانے کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان کراچی پریس کلب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءعلی اکبر گجر کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیصلہ
ہماری قیادت اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں طے پایا تھا ، آج کی پریس
کانفرنس بھی اسی بات کا تسلسل ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی سے قومی
اسمبلی کے حلقوں این اے 240 اور این اے 247 کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقے
پی ایس 118 میں اپنے امیدواروں کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں
دستبردار کرنے کا اعلان کرتی ہے۔ ہم پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا بھرپور
ساتھ دیں گے اور ان کے شانہ بشانہ دست وبازو بن کر کام کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء جاوید ناگوری کا کہنا تھا کہ بڑی خوشی کی
بات ہے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے ملکی مفاد
میں یہ فیصلہ کیا کہ پنجاب میں صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی
انتخابات میں پیپلز پارٹی سپورٹ کرے گی جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو
پاکستان مسلم لیگ (ن) کامیاب کرائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تمام
حلقوں میں بھرپور طریقے سے کام کریں گے اور اپنے امیدواروں کو کامیاب بھی
کرائیں گے۔