کراچی، اٹھارویں ترمیم کو جواز بناکر ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں جانے دینگے، شہریار آفریدی
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ کے سی سی آئی کے دورے کے موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور معروف صنعتکار سراج قاسم تیلی نے وزیر مملکت کا استقبال کیا۔
وزیر مملکت سے تاجر وصنعتکار برادری نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے شہریار آفریدی کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے ریاست اور اداروں کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوچکا، اب کوئی سودے بازی نہیں چلے گی، اٹھارویں ترمیم کو جواز بناکر ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں جانے دیں گے، وقت آگیا ہے اب اس ملک کی عالمی سطح پر عزت کو بحال کریں اور عہد کریں سب کو گلے لگائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرے گا، ہم تمام قوموں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پولیس کا قانون نہیں چلے گا، میری وزارت میں اٹھارہ محکمے ہیں، وہ تاجر وصنعتکار برادری کے ساتھ بیٹھیں گے، تاجر برادری کو ذہنی سکون پہنچائے بغیر اور اصلاحات وقوانین کی مکمل عملداری تک فیصلہ سازی ممکن نہیں۔
شہریار آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاجر وصنعتکار برادری کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔