اسلام آباد، موجودہ حکومت پاکستان کے بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر صحت
وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کے بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے، صحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ہمارے بچے ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل کے حقدار ہیں اور یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ تندرست اور محفوظ پاکستان کیلئے اقدامات کریں۔
خسرہ بچاؤ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ خسرہ انتہائی موذی مرض ہے کیونکہ یہ کمیونٹی میں ایک بچے سے دوسرے میں بہت آسانی سے منتقل ہوتا ہے اس لئے اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانا انتہائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دو ہزار گیارہ اور تیرہ میں خسرے کی وباء کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے تدارک کیلئے دو ہزار چودہ اور پندرہ میں قومی سطح پر خسرہ کے خلاف قومی مہم چلائی گئی تھی تاکہ اس بیماری کی روک تھام کی جائے۔ عموماً ان ممالک میں گائے بگاہے قومی مہم کا انتظام کیا جاتا ہے جہاں اس طرح کی وباء پھوٹنے کا خدشہ ہو لہٰذا اس تناظر میں پاکستان آج سے خسرہ کے خلاف قومی مہم کا آغاز کررہا ہے۔