لاہور، وزیرا علیٰ پنجاب سے بارہویں جماعت میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی یتیم طالبہ کی ملاقات
وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی یتیم طالبہ عظمیٰ وارث نے ملاقات کی۔ وزیرا علیٰ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کم وسائل کے باوجود انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شاندار نمبر لینے پر طالبہ عظمیٰ وارث کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا۔
اس موقع پر وزیرا علیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ آپ نے نامساعد حالات کے باوجود نمایاں پوزیشن حاصل کی ہمیں آپ پر فخر ہے،آپ جس تعلیمی ادارے میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں پنجاب حکومت آپ کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔
وزیرا علیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت ادا کرے گی اور تعلیم کے ساتھ ساتھ علاج معالجہ بھی فراہم کیا جائے گا۔عظمیٰ وارث جیسی ذہین طالبات قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ قوم کی اس بیٹی نے مشکل حالات میں ہمت اور محنت کرکے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔