لاہور، ریسکیو 1122 کی 14 ویں سالگرہ منائی گئی
لاہور میں ریسکیو 1122 کی آج 14 ویں سالگرہ منائی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی تھے۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ریسکیو 1122 کے عہدیداران کے ہمراہ کیک کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آج الحمدو اللہ مجھے خوشی ہے کہ یہ واقعی ایسا درخت ہے کہ جس کی چھاؤں میں صرف پنجاب کا صوبہ ہی نہیں بلکہ دوسرے صوبے بھی ریسکیو 1122 سے تربیت حاصل کرکے فائدہ اٹھارہے ہیں۔ اب یہ ایک عمدہ ادارہ بن گیا ہے ۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ میں بحیثیت اسپیکر پنجاب اسمبلی ریسکیو 1122 کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا اور اس حوالے سے میری وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انہیں میں نے تمام معاملات سے آگاہ کردیا ہے ۔ وزیرا علیٰ پنجاب کی جانب سے مجھے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس ضمن میں وہ وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔
آخر میں ریسکیو 1122 کے عہدیداران اور سماجی خدمات فراہم کرنے والے رضا کاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔