کراچی، میری فتح ووٹرز کی فتح ہے، عالمگیر خان
ضمنی انتخاب میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 سے کامیاب ہونے
والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں
نے ہمیشہ میری مدد کی اور مجھے ہمیشہ پیار دیا اور اللہ تعالیٰ نے ایک
مرتبہ پھر گلشن اقبال اور بہادر آباد کے مکینوں کو میری عزت کا ذریعہ
بنایا۔ میری فتح ووٹرز کی جیت ہے۔
انصاف ہاؤس کراچی میں تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم
شیر زمان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمگیر خان کا مزید
کہنا تھا کہ مجھے اس چیز کا بخوبی احساس ہے کہ ہمیں تبدیلی کے نام پر چنا
گیا اور پچھلے تمام آپریشن عوام نے رد کردیئے ہیں، اگر میں بھی اپنی
کارکردگی نہیں دکھاسکا تو کراچی والے مجھے بھی رد کردیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نہ نشست میری آبائی نشست نہیں ہے اور نہ ہی میں
کوئی جاگیردار ہوں، اس حلقے کے لوگوں نے مجھ سے امیدیں وابستہ کی ہیں اور
میں ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔
اس موقع پر خرم شر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کراچی کی روشنیوں
کو دوبارہ لانا ہے، کراچی میں صفائی ستھرائی اور پانی وسیوریج کے مساحل کو
حل کرنا ہے۔ کراچی کے لوگوں نے تحریک انصاف کو بہت بڑا مینڈیٹ دیا ہے، ہم
ماضی کی تمام تلخیاں بھلاکر پیپلز پارٹی اور متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے
کیلئے تیار ہیں۔