لاہور،وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
وزیرا علیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں اسموگ پر قابو پانے کیلئے پیشگی
اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت صوبہ بھر میں اسموگ پر
قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ صوبہ بھر میں ایئر مانیٹرنگ کیلئے
خصوصی اسٹیشن اسموگ سے متعلق ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ، فیصل
آباد اور ملتان میں ایئر مانیٹرنگ اسٹیشن جلد کام شروع کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے فصلوں کی باقیات جلانے سے آنے والی راکھ کی
مانیٹرنگ کیلئے بی آر بی نہر کے پار خصوصی ایئر مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کئے
جائیں گے۔
وزیرا علیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات، پولی تھین
بیگ، ٹائر اور ربڑ جلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں دفعہ ایک
سو چوالیس کا صوبہ بھر میں نفاذ کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی پر بلا امتیاز
کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
اس کے علاوہ بھٹوں کے حوالے سے امور کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی مشیر امین
اسلم کی زیر قیادت کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی اینٹوں کے
بھٹوں کے بارے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔