کراچی، سانحہ کارساز کے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، بلاول بھٹو
سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو
زرداری نے شارع فیصل پر قائم یادگار شہداء پر حاضری دی۔ دعا کی اور فاتحہ
خوانی پڑھی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو
زرداری کا کہنا تھا کہ ہم آج اٹھارہ اکتوبر سانحے کی یاد میں یہاں پیش ہوئے
ہیں، اس کے علاوہ ہم نے ان خاندان سے ملاقات بھی کی ہے جو دہشت گردی کے
واقعات کا شکار ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی تاریخ میں سب سے
بڑا دہشت گردی کا واقعہ تھا، جس میں سب سے زیادہ لوگ شہید ہوئے، پیپلز
پارٹی کے کارکنان نے ہمیشہ جمہوریت ، امن اور آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں،
میں ان قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا سفر ایک لمبا سفر ہے، ملک میں جمہوریت کی
مضبوطی، اداروں کو آئینی کردار میں کام کروانے ، میڈیا کی آزادی کو تحفظ
فراہم کرانے اور غریب عوام کو حقوق دلوانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی
جدوجہد جاری رہے گی۔