کراچی، پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے، ناصر حسین شاہ
سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سانحہ کارساز کو آج گیارہ برس ہوچکے ہیں، جس کا درد آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن محسوس کرتا ہے، ہم لوگ اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نہ صرف یہاں بلکہ پورے ملک میں مختلف مقامات پر اس طرح کے پروگرامات منعقد کرتے ہیں۔ ہمارے عظیم قائدین ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، میر مرتضیٰ بھٹو، شاہنواز بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کردیئے۔
کارساز کے مقام پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے اور یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ جام خان شورو پر کسی بھی قسم کی کوئی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، یہ محض الزامات ہیں اور وہ ان الزامات سے سرخرو ہوں گے۔ ہمارے قائدین کی بھی کردار کشی کی جارہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت، وزراء اور رہنماؤں پر عرصہ دراز سے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔