اسلام آباد، این ایف سی ایوارڈ میں صوبے اپنا حصہ کم کر کے فاٹا کو دیں گے،فواد چوہدری
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فوری طور پر این ایف سی ایوارڈ کے طریقہ کار پر نظرثانی اور اس حوالے سے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں چاروں صوبوں کی ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے اپنا حصہ کم کر کے فاٹا کو دیں گے، قبائلی علاقوں کا انتظامی ڈھانچہ چیف منسٹر سیکرٹریٹ کے ماتحت ہو گا، فاٹا انضمام کے بعد فاٹا کے معاملات کو وزیرِاعلیٰ کے تحت لایا جا رہا ہے۔
اسلحہ لائسنس کے اجرا بارے بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پچھلی حکومت نے خودکار اسلحے اور ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس ختم کر دیے تھے، اسلحہ لائسنس سے متعلق وزارت قانون سپریم کورٹ میں دائر رٹ پٹیشن واپس لے گی۔ صوبوں کو فیصلہ کرنا ہے اسلحہ لائسنز سے متعلق ان کی کیا پالیسی ہو گی، اسلحہ کے لائسنس پر پابندی سے معاملات صوبے خود نمٹائیں گے، اسلحہ لائسنس کے حوالے سے نئی پالیسی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہو گی اور انھیں مقررہ وقت پر قیمت ادا کی جائے گی، وزیراعظم کے احکامات صوبائی حکومتوں کو پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام کسان پس رہا ہے، ہمیں سب کو پتا ہے سندھ کی شوگر ملیں کون اون کرتا ہے۔ کرشنگ سیزن ہر صورت پندرہ نومبر کو ہی شروع ہو گا، کسانوں کیساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔