لاہور، بونگہ بلوچاں کے محلے پھول نگر کے رہائشی خاندان کا زرعی زمین پر قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور کے علاقے بونگہ بلوچاں کے محلے پھول نگر کے رہائشی خاندان نے زرعی زمین پر قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ مسلسل جاری رہا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان ہمیں انصاف دلوائیں۔
مظاہرے میں شریک منیر احمد ولد غلام محمد کا کہنا تھا کہ پھول نگر میں مسلم لیگ (ن) کے یوسی چیئرمین امان اللہ خان اور محمد عالم ولد اسحاق نے 14 مرلے زمین پر گزشتہ دس سالوں سے قبضہ کیا ہوا ہے۔ہمیں احتجاج کرنے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں اور جھوٹے مقدمات قائم کئے جاتے ہیں۔
متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ گروپ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔