کوئٹہ، حکومت مائننگ سیکٹر کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی،وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ حکومت مائننگ سیکٹر کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی، کانکنی کے علاقوں میں سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے آئندہ پی ایس ڈی پی میں منصوبے شامل کئے جائیں گے۔ کوئلہ کانکنی کی صنعت کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، کانکنی کی صنعت پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے استثنیٰ اور بجلی کی پیداوار کے علاوہ دیگر صنعتوں میں بلوچستان کے کوئلہ کے استعمال کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
کول مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت صوبے کے وسائل کی ترقی اور انہیں بروئے کار لانے کی واضع پالیسی رکھتی ہے اور روزگار فراہم کرنے والے نجی شعبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں تمام ضروری سہولیات او ربنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ ماحولیات اور محکمہ معدنیات کو صوبے کے اینٹوں کے بھٹوں سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے لئے زگ زیگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ کے لئے بھٹہ مالکان کو معاونت کی فراہمی کی ہدایت کی۔