Oct 18, 2018 10:30 pm
views : 375
Location : Domestic Place
Karachi- Chairman MQM H Afaq Ahmed PC
کراچی، میری کسی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، آفاق احمد
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کا کہنا ہے کہ عامر خان اور میری ملاقات کے حوالے سے چلنے والی خبر بالکل بے بنیاد اور غلط ہے۔
اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ کل مجھے مختلف مقامات سے فون آئے او رکہا گیا کہ آفاق احمد اور عامر خان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں آپ لوگ اتحاد کی طرف بڑھ رہے ہیں، میں لانڈھی میں اپنی والدہ کے گھر چلا گیا تھا اور جانے کے بعد رات گئے مجھے یہ اطلاع ملی جس پر میں نے نجی ٹی وی کے بیورو چیف کو فون کیا اور پوچھا جو خبر نشر ہوئی ہے کیا آپ نے اس کی تصدیق کی ہے، خبر نشر کرنے سے پہلے تصدیق کرلی جاتی تو بہتر ہوتا۔ جس پر بیورو چیف نے خوش مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ تردید کردیجئے لیکن میں نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ صحافت کررہے ہو تماشہ نہ بناؤ، آپ نیب کا ادارہ نہیں چلارہے جو کہیں ثابت کرو کہ آپ بے گناہ ہو، صحافتی اصولوں کو برباد کرکے قابل احترام پیشے کو بدنام نہ کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صحافت بلا شبہ ایک قابل احترام پیشہ ہے لیکن اگر کوئی صحافی کسی کا آلہ کار بن کر افواہوں کو پھیلائے گا اور کسی کا مقصد پورا کرے گا تو یہ صحافت نہیں ہے بلکہ یہ اپنے پیشے سے بہت برا سلوک کرنے کے مترادف ہے۔ اگر میں کسی کو وقت نہیں دیتا تو رویوں میں دشمنی نہیں آنی چاہیے۔