div>اینٹی کارلفٹنگ کرائم سیل (اے سی ایل سی) نے بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے چھ
کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے کروڑوں روپے نقد اور
اسلحہ وگاڑیاں برآمد کرلی گئیں۔
ایس ایس پی اے سی ایل سی منیر احمد شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے
ہوئے کراچی سے جاکر کوئٹہ میں وارداتیں کرنے والے گروہ کو بے نقاب کرتے
ہوئے بتایا کہ ملزمان کے مخبر کوئٹہ کے مال داروں کی اطلاع دیتے ہیں،
ملزمان دوپہر کو کراچی سے روانہ ہو کر دوسرے دن صبح کوئٹہ پہنچ جاتے ہیں،
ناشتہ کرکے واردات کرتے ہیں اور فوری کراچی روانہ ہوجاتے ہیں۔
منیر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ اے سی ایل سی کی ایک ٹیم نے چٹھہ گبول گوٹھ
اسکیم 33 سے بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے چھ ارکان سرغنہ غلام فرید عرف اختر
ولد عطاء اللہ،عرفان حمید ولد محمد موسی، جمشید ولد عبدالکریم، کاشف ولد
عبدالمجید، علی اکبر ولد غلام رضا اور لیاقت ولد محمد عاشق کو گرفتار
کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بھاری رقم، اسلحہ اور مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔