اسلام آباد، وزیر اعظم سے قطری نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی کی ملاقات
وزیر اعظم عمران خان سے قطری نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری بھی موجود تھے۔
محمد بن عبدالرحمان الثانی نے امیر قطر کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو نیک خواہشات کے اظہار اور نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور بہتر تعلقات دونوں ممالک کے عوام کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے سالوں میں پاک قطر باہمی تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔
وزیرا عظم عمران خان نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زرعی ، توانائی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے قطر کی جانب سے ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکریاں دینے کے فیصلے پر جلد عملدرآمد کی امید بھی ظاہر کی۔