اسلام آباد، وفاقی وزیر صحت کا ملک بھر میں جاری خسرہ بچاؤ مہم کی مانیٹرنگ کیلئے دیہی ہیلتھ سینٹر کا دورہ
وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے آج ملک بھر میں جاری خسرہ بچاؤ مہم کی
مانیٹرنگ کیلئے ترلاء دیہی ہیلتھ سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ترجمان
وزارت قومی صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے خسرہ مہم کی
اہمیت پر زور دیا اور مہم کو کامیاب بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خسرہ ایک انتہائی موذی مرض ہے جس کی روک
تھام کیلئے حکومت عملی اقدام اٹھارہی ہے، خسرہ مہم کے ذریعے نو ماہ سے پانچ
سال تک کی عمر کے تین کروڑ بیس لاکھ بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں گے،
وفاقی حکومت پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔
عامر محمود کیانی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے ہر بچے کو اس بیماری سے محفوظ
بنائیں گے، وزارت قومی صحت تمام صوبوں اور فیڈرل ایریاز کو اس مہم کی موثر
عمل درآمد کیلئے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کے
ویژن کے مطابق تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے،
حکومت پاکستان کے بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے تمام والدین سے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک بیماری سے
بچانے میں حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے خسرہ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔
وفاقی وزیر صحت کا یہ بھی کہنا تھا کہ خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین حکومت پاکستان مفت فراہم کرے گی۔