Oct 23, 2018 05:47 pm
views : 469
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh & Oil Tankers Owners Association Dialog
کراچی،گورنر سندھ اور آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات
کامیاب ہوگئے۔ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لیتے
ہوئے احتجاجی مظاہرے موخر کردیئے۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل
کا ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ایس
او کے منیجنگ ڈائریکٹر سے درخواست کی ہے کہ وہ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی
ایشن کو کم از کم دو ماہ کا وقت دیں تاکہ یہ کوئی متبادل راستہ تلاش کرسکیں
اور ساتھ ساتھ ان سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ وزارت پیٹرولیم، وزارت بین
الصوبائی رابطہ اور وزارت خزانہ کے حکام سے ان کی ملاقاتیں بھی کروائیں۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن سے یہ طے ہوا ہے کہ
فی الحال اب کوئی ہڑتال نہیں ہوگی ،میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر ان کا
شکریہ ادا کرتا ہوں ا ور آئندہ دو ماہ میں کوئی ایسا راستہ نکال لیں گے کہ
جس سے ان کی بھی تکلیف رفع ہوجائے اور جو حکومت کے تحفظات ہیں آئل ٹینکرز
کے حوالے سے ان کو بھی زیر بحث لایا جاسکے۔
آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماء شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ
گورنر سندھ نے ہماری سفارشات وزیر اعظم عمران خان کو پہنچادی ہیں اور ہمیں
یہ یقین دلایا ہے کہ ہماری ملاقات وزیر پیٹرولیم سے کرائی جائے گی، ہم
گورنر سندھ کی یقین دہانی پر ہڑتال کی کال کو واپس لیتے ہیں اور پورے
پاکستان میں موجود پینتیس دفاتروں سے تیل کی سپلائی جاری رہے گی، اس عرصے
میں کسی بھی قسم کا کوئی بھی احتجاج نہیں کیا جائے گا۔