Oct 24, 2018 08:48 pm
views : 475
Location : Pakistan Stock Exchange
Karachi- Pakistan Stock Exchange Closing
کراچی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر معمولی اضافے کا رجحان غالب رہا، انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا تاریخی اضافہ ریکارڈ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ (24اکتوبر 2018ء) کو مارکیٹ میں غیر معمولی اضافے کا رجحان غالب رہا۔ پی ایس ایکس ہنڈریڈ انڈیکس 1556 پوائنٹس کے غیر معمولی ریکارڈ اضافے کے بعد 39271 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ کا آغاز منفی زون میں ہوا۔
کاروبار کے آغاز سے کاروبار کے اختتام تک مجموعی طور پر 385 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ کا کاروبار ہوا جن میں سے 327 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 51 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 7 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کوئی ردوبدل واقع نہیں ہوا۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تاجر محمد ساجد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایکس انڈیکس میں اچانک اضافے کی وجہ سعودی پیکج بنا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے چھ بلین ڈالر پیکج کے اعلان نے اسٹاک مارکیٹ پر مثبت رجحان ظاہر کیا ہے۔
ایک اور تاجر محمدامین کا کہنا تھا کہ ابھی تو صرف معاہدہ ہوا ہے اور جب باقاعدہ پاکستان کو پیکج کی رقم موصول ہوگی اور سسٹم میں شامل ہوگی تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مزید بہتری آئے گی اور ڈالر کی قدر میں مزید کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا۔