اسلام آباد،سیکٹر جی 7 میں واقع پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی عمارت میں آتشزدگی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 میں واقع پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،فائربریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے جبکہ مزید ریسکیو گاڑیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
پی آئی ڈی کی 5 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے درجنوں افراد متاثرہ عمارت میں پھنس گئے جنھیں سیڑھیوں کے ذریعے باہر نکالا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں پی آئی ڈی کی عمارت میں دوپہر تقریبا ایک بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی،عمارت میں آگ تیسری منزل پر لگی اور آگ نے عمارت کی اوپری منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا جس سے تقریبا پوری عمارت متاثرہوئی،آگ بجھانے کا عمل فوری طور پر شروع کردیاگیا اور عمارت سے لوگوں کو سیڑھیوں کے ذریعے باہر نکالنے کا عمل جاری ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
آگ لگنےکےبعد دھوئیں کے سیاہ بادل دور دور سے دکھائی دے رہے تھے، جس وقت عمارت میں آگ لگی،بڑی تعداد میں لوگ اندر موجود تھے۔
آگ لگنے کی وجہ اور اس سے ہونے والا نقصان تاحال معلوم نہیں ہوسکا، پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل ہونے پر عمارت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا،تشویشناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے آس پاس کی عمارتوں کو بھی خالی کروا لیا گیا ہے۔