کراچی،فاروق ستار نے پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو اشتعال انگیزی پر مجبور کیا، خرم شیر زمان
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ فاروق ستار پاکستان کوارٹرز پر کس جماعت کی نمائندگی کررہے تھے البتہ وہاں پر فاروق ستار مکینوں کو اشتعال انگیزی پر ضرور مجبور کررہے تھے۔
انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کوارٹرز کے تمام گرفتار مکینوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے تین ماہ کا ریلیف دیا گیا ہے جس کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے کیونکہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مسلسل رابطے میں تھا اور گورنر سندھ نے وزیرا عظم عمران خان سے بات کی جس کے بعد وزیرا عظم عمران خان نے چیف جسٹس سے اس ضمن میں گفتگو کی تب جاکر یہ معاملہ حل ہوا ہے۔
خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی کو بھی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو آئے ہوئے صرف 60 دن ہوئے ہیں، یہ کیس پچیس تیس برس سے چل رہا تھا، وزیرا علیٰ سندھ جانتے تھے کہ گورنر سندھ وزیر اعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے رابطے میں تھے، شیلنگ اور لاٹھی چارج کو رکوانا وزیرا علیٰ سندھ کی ذمہ داری تھی کیونکہ محکمہ پولیس سندھ حکومت کے ماتحت ہے۔