Oct 24, 2018 11:12 pm
views : 512
Location : Different places
Karachi- Farooq Sattar Media Talk
کراچی، پاکستان کوارٹرز خالی کرانے پر شدید احتجاج، علاقہ میدان جنگ بن گیا
پاکستان کوارٹرز میں سرکاری رہائش گاہیں خالی کرانے کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کی علاقہ مکینوں پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد کراچی کے علاقے پاکستان کوارٹرز کو خالی کرانے پر علاقہ مکین احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستہ بند کردیا جبکہ
مظاہرین نے پولیس آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن چلانے کے ساتھ شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ بھی کی، بعد ازاں پولیس پاکستان کوارٹر میں داخل ہوگئی تاہم مظاہرین نے گھروں کی چھتوں سے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس پیچھے ہٹ گئی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا جب کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی شیلنگ سے کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
مظاہرین سے یکجہتی کیلئے ایم کیو ایم رہنماء ڈاکٹر فاروق ستارپاکستان کوارٹرز پہنچے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں تو سینکڑوں منشا بم ہیں جن کی زمینیں ہیں اسے خالی کرایا جائے، بے گناہوں کو مارکر دیوار سے نہ لگایا جائے، حکومت انصاف کرے، پچاس لاکھ مکان بعد میں بنائے جائیں پہلے پانچ ہزار مکان یہاں کے مکینوں کے نام کئے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پچاس لاکھ مکانات میں سے پانچ ہزار مکانات کم کردیں اور اب 49 لاکھ 95 ہزار مکانات تعمیر کرائے جائیں کیونکہ پانچ ہزار مکانات تو بنے ہوئے ہیں ان کو لیز دیدیں، ہمیں کریڈٹ نہیں چاہیے آپ ہی کریڈٹ لے لیں، ہم پاکستان زندہ باد اور وزیر اعظم عمران خان زندہ باد کا نعرہ لگائیں گے۔ یہاں کے مکینوں کو سپریم کورٹ کی آڑ لے کر دھوکہ نہ دیں، یہ حکومت کے کوارٹرز ہیں، اب تو صوبائی حکومت کا بھی کلیم سامنے آگیا ہے پہلے تو دونوں یہ طے کریں کس کی زمین ہیں اور پھر جس کی بھی زمین ہو وہ لیز دیدے۔