کراچی : 3 سال گزر گئے عافیہ سے کوئی بات نہیں ہوسکی ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
گزشتہ کئی سالوں سے امریکا کی قید میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی
بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ عافیہ ایک کسوٹی بن
گئی ہے ، پچھلے حکمرانوں کی ڈالروں کی حوس نےپوری قوم کا مستقبل اندھیروں
میں جھونک دیا
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت سے نہ صرف مجھے بلکہ پوری قوم کو بہت
سی امیدیں ہیں،وزیر اعظم نے الیکشن سے پہلے عوام کواس بات کی یقین دہانی
کرائی کہ وہ پچھلے حکمرانوں کی طرح نہیں ہے ، یہ وقت بتائے گا پی ٹی
آئی کی حکومت کس صف میں کھڑی ہوتی ہے
ان کا مزید کہنا تھا کہ 3 سال گزر گئے عافیہ سے کوئی بات نہیں ہوسکی، میری
اطلاعات کے مطابق امریکا کی طرف بہت مثبت اشارے مل رہے ہیں، عافیہ کو واپس
لا کر پی ٹی آئی عوام میں اپنا امیج مزید بلند کر سکتی ہے ، مجھے عمران
خان سے بہت امیدیں ہیں کیونکہ جس سے امیدیں ہوتی ہیں شکوہ بھی انھی سے کیا
جاتا ہے ،مجھے یقین ہے کہ عافیہ صدیقی کو واپس لا کر عمران خان محمد بن
قاسم جیسے ہیرو بن کر ابھریں گے ،عافیہ کی واپسی تک یہ جد وجہد جاری رہے گی
اور بہت جلد قوم خوشخبری سنے گی