کراچی،گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر ایک شخص نے اپنے رکشہ کو آگ لگاڈالی
کراچی کے علاقے ناظم آباد کے رہائشی رکشہ ڈرائیور نے گیس کی قیمتوں میں بیش
بہا اضافے اور غیر اعلانیہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف اپنے رکشہ کو آگ
لگاڈالی۔ بعد ازاں رکشہ ڈرائیور نے اقدام خودسوزی کی بھی کوشش کی جسے
وہاں موجود لوگوں نے اپنے آپ کو آگ لگانے سے پہلے ہی قابو کرلیا۔
رکشہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے رکشہ کو خود آگ لگائی ہے اور میں
اب اپنے آپ کو بھی آگ لگاؤں گا میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اس مہنگائی کے دور
میں اپنے بچوں کو میں کیسے پالوں؟ ایسی زندگی سے تو موت ہی اچھی ہے۔
واقعے کے بعد خاکستر رکشے کو کرین کی مدد سے تھانے منتقل کردیا گیا جبکہ
واقعے کی تحقیقات کیلئے رکشہ ڈرائیور کوگلبہار تھانے طلب کیا گیا جسے بعد
ازاں روانہ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسی طرح ایک رکشہ ڈرائیور نے اپنے آپ کو آگ
لگائی تھی جو بعد ازاں ہسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے
جانبر نہ ہوسکا۔