Oct 25, 2018 06:00 pm
views : 390
Location : Domestic Place
Islamabad- Moulana Fazal-ur-Rehman Press Conference
اسلام آباد، صرف دو ماہ میں مہنگائی آسمانوں کو چھورہی ہے، مولانا فضل الرحمن
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ صرف دو
ماہ میں مہنگائی آسمانوں کو چھورہی ہے۔ غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے
بیٹھی ہے۔ ڈالر کی قیمت 150 روپے تک جانے کا خدشہ ہے۔ تمام حزب اختلاف
اصولی طور پر متفق ہیں کہ ایک ہی پلیٹ فارم سے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا
ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا مزید
کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں مئی 2017ء میں 24.4 ارب ڈالر ہمارے زرمبادلہ
کے ذخائر تھے جو آج اکتوبر 2018ء میں 14 ارب ڈالر رہ گئے ہیں اور حکومت کے
بینکوں میں صرف 8 ارب ڈالر پڑے ہیں، باقی دوسرے بینکوں میں ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں ڈالر کی قیمت 106 روپے پر مستحکم
تھی، ابھی تو چوبیس گھنٹے کے اندر اندر دس دس روپے ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے
اور اس وقت ڈالر 137 روپے کا ہے جبکہ مزید 150 تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا
جارہا ہے۔ پندرہ دنوں کے اندر اندر اسٹاک ایکسچینج دو سے تین ہزار پوائنٹس
گر گیا ہے۔ جولائی سے لے کر ستمبر تک تین ماہ میں براہ راست سرمایہ کاری
میں 42 فیصد کمی آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی کہتے ہیں سوئس بینکوں میں دو سو ارب ڈالر کی
خبر ایک مذاق تھی اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ
سیاستدانوں کی کردار کشی اس انداز سے کیوں کی جارہی ہے۔ اس صورتحال میں
اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہمارے رابطے چل رہے ہیں جو چند ہی دنوں میں پایہ
تکمیل تک پہنچیں گے، تمام حزب اختلاف اصولی طور پر متفق ہے کہ ایک ہی پلیٹ
فارم سے اپوزیشن کا کردرا ادا کرنا ہے۔