کراچی، گورنر سندھ نے ضلع وسطی میں 3 فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے ضلع وسطی میں تعمیر
کئے جانے والے تین فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ،یہ فلائی اوورز
سخی حسن چورنگی ،فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر تعمیر کئے
جارہے ہیں جن کی لاگت کا تخمینہ 2.14 ارب روپے لگایا گیا ہے، سنگ بنیاد کے
موقع پر گورنرسندھ کو فلائی اوورز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا
گیا کہ یہ فلائی اوورز مارچ 2019 میں مکمل ہو جائیں گے۔اس موقع پر میئر
کراچی وسیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ملک کے معاشی حب کراچی کی تعمیر و ترقی میں
خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گااس لئے
شہر کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری کو ترجیح دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ
کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے جو
کہ مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہے صوبائی حکومت کو بھی وفاقی منصوبوں
میں شمولیت کی دعوت دی ہے،وفاقی حکومت کے منصوبوں میں ہر سطح پر شفافیت کو
برقرار رکھا جائے گا۔ معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے
لئے وفاق بھرپور تعاون جاری رکھے گا ، شہر کی ضروریات کے مطابق سہولیات کی
فراہمی اولین ترجیح ہے ،وفاقی حکومت کے اہداف میں کراچی کی تعمیر و ترقی
سرفہرست ہے ،شہر یوں کے مسائل کے حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر کام
کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کوپچھلے ادوار میں نظر انداز کیا جاتا
رہا ہے یہی وجہ ہے کہ آج شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ، موجودہ حکومت نے شہر
کی تعمیر و ترقی کے لئے مختلف پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جن کی تکمیل سے شہر
یوں کو زبردست سہولیات حاصل ہوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کے لئے آپریٹنگ پارٹنر
ڈھونڈ رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کوئی اچھے پارٹنر مل جائیں جو اس منصوبہ کو چلا
سکیں امید ہے کہ اگلے دو ماہ میں ہمیں منصوبہ کے لئے آپریٹنگ پارٹنر مل
جائیں گے اس کے چھ ماہ بعد ہم اس منصوبہ کو چلا دیں گے ۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کی ترقی و
خوشحالی میں بھرپو ر دلچسپی لینے پر وزیراعظم پاکستان اور گورنر سندھ کا
شکریہ ادا کرتے ہیں اس ضمن میں شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنے والوں
کے ساتھ کھڑے ہیں ۔