کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا ساحلی تنصیبات کا دورہ
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی
نےپاک بحریہ کی جاری جنگی مشق سی سپارک، ساحلی تنصیبات کا دورہ اور میزائل
فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور گوادر، تربت اور اورماڑہ میں آپریشنل تیاریوں کا
معائنہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے دوران ایڈمرل نے زمین سے فضا میں ہدف کو
نشانہ بنانے والے میزائلوں کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔میزائلوں نے نہایت
کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
امیر البحر کو ساحلی تنصیبات کے دورے کے دوران مشق کی تازہ ترین صورتحال پر
بریفننگز بھی دی گئیں۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے دورے میں افسران اور
جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا
اظہار کیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاک
بحریہ سی پیک سمیت پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔پاک
بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔