امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کاکہنا ہے کہ کشمیری بھائی
تنہا نہیں ہیں، پاکستان اس کی پشت پر موجود ہے۔ حکمران اگر سورہے ہیں تو
پاکستانی قوم جاگ رہی ہے۔ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ یکجہتی کشمیر کے اس عظیم پروگرام میں آج
شرکت کرکے دشمن بھارت کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ کشمیری لوگ تنہا نہیں ہیں،
اگر پاکستان کے حکمران سو رہے ہیں تو پاکستانی قوم پرعزم، سربکف اور پرجوش
ہے۔ آج بھی ہمارا نعرہ یہی ہے کہ کشمیری ہمارے ہیں اور ہم کشمیریوں کے
ساتھ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ کے ساتھ وعدہ کرتے ہیں جب تک خون کا آخری قطرہ
اور زندگی کا آخری لمحہ ہے ہم جہاد کشمیر کو جاری رکھیں گے اور کشمیر کی
آزادی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور جب تک مقبوضہ کشمیر پاکستان کا
حصہ نہ بن جائے اور کشمیری بھائیوں کو آزادی نہ مل جائے اس وقتک تک ہم ہر
قیمت پر یہ جدوجہد جاری وساری رکھیں گے۔