لاہور:پہلی دفعہ ملک ترقی کی طرف جاتا محسوس ہورہا ہے: چیف جسٹس پاکستان
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہےکہ پہلی دفعہ محسوس ہو رہا ہے کہ ملک ترقی کی طرف ٹیک آف کررہا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار داتا دربار میں چادرپوشی کے لیے شریک ہوئے جہاں متعدد زائرین نے انہیں ڈیم فنڈ کے لیے چیک پیش کیے۔
لاہور میں حضرت عثمان بن علی المعروف داتا گنج بخشؒ رحمۃ اللہ علیہ کے 975ویں عرس کی تقریبات کے افتتاح کے موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں اولیائے کرام کے کئی دربار ہیں، جو رونق اور برکات داتا دربار پر ہے وہ مقبرہ جہانگیر پر نہیں۔ بزرگوں کی تعلیم یہی تھی کہ ہمیں اسلام کی روح پرعمل کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اس ملک سے پیار کرنا ہے ، اس کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں، اللہ کرے ملک جلد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو، پہلی دفعہ محسوس ہو رہا ہے کہ ملک ترقی کی طرف ٹیک آف کررہا ہے، ہم جلد ترقی کی منازل طے کرلیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عوام بڑھ چڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ ڈال رہے ہیں، ڈیموں کی تعمیر بہت ضروری ہے، ہمیں ان ڈیمز کو جلد سے جلد بنانا ہیں، یہ ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔