دبئی :سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے
ایک دوسرے پر تنقید کے تیر چلانے والے ڈاکٹر عشرت العباد اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون دبئی میں سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ آج سے پہلے کون سوچ سکتا تھا کہ ایک دوسرے پر لفظوں کی گولہ باری کرنے والے پھر ملیں گے۔
سندھ میں طویل ترین مدت تک گورنر شپ کا ریکارڈ قائم کرنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کرسی چھوڑ کر کراچی سے چلے گئے لیکن جانے سے پہلے پہلے انہوں نے بھی اُدھار نہ رکھا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں سے سندھ کی سیاست پر بات چیت ہوئی۔ الیکشن نتائج پر بات ہوئی اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ایم کیو ایم کے ہم خیال رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے پر اتفاق ہوا، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا۔
ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی. سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ملاقات کی تصدیق تو کی لیکن کسی نئی پارٹی یا گروپ کی خبروں کو بے بنیاد بھی قراردیا۔