لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتارشہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع
احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع کرتے ہوئے 3 روزہ راہداری ریمانڈ بھی منظور کرلیا۔
نیب پراسکیوٹر کی جانب سے احتساب عدالت سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی استدعا کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
شہباز شریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں احتساب عدالت لایا گیا۔اس موقع پر لیگی رہنما اور سابق وزیر مملکت مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں، تاہم انہیں اور دیگر کارکنوں کو احتساب عدالت کے احاطے میں جانے سے روک دیا گیا۔