اسلام آباد:کسی نے این آر او کیلئے رابطہ نہیں کیا، ہمت ہے تو اس کا نام لیں: نوازشریف
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان کا بڑا احترام کرتاہوں، ان سے متعلق احساسات اور جذبات اپنی جگہ پر ہیں، ان سے ہونے والی بات میڈیا کے سامنے نہیں کرنا چاہتا، وہ باتیں اپنی پارٹی اور شہباز شریف کے ساتھ کرنا چاہتاہوں۔
شہبازشریف کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے دیانت داری اور محنت کےسا تھ کام کیا، دن دیکھا نہ رات، سردی دیکھی نہ گرمی، اپنی نیندیں خراب کیں اور جان جوکھم میں ڈال کر جو کام کیا اس کا نتیجہ اور ثمرات آج نہ صرف پنجاب بھر بلکہ ملکی سطح پر نظر آرہے ہیں۔ اس طرح آج تک ملکی تاریخ میں کسی وزیراعلیٰ نے نہیں کیا، ان کو شاباش ملنی چاہیے تھی لیکن نتیجہ نکلا آج وہ بھی جیل اور نیب کے پاس ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں نوازشریف نے کہا کہ ان کی جماعت کے کسی فرد نے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا ، ہمت ہے تو اس فرد کا نام لیں۔