لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے شاندار کردار کی تعریف کی اور قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر فوجی افسروں اور جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا،عظیم اور لازوال قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن بحال ہوا ہے،دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہے،یہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل مائنڈسیٹ ہے،قوم کی حمایت سے اس مائنڈسیٹ کا خاتمہ کریں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے،پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم سب شہداء کے احسان مند ہیں،شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان میں امن لے کر آئی ہیں،شہداء کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں،انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے،پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کی ہرممکن دیکھ بھال جاری رکھے گی۔