کراچی،چہلم امام حسینؓ کے جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات
نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکےجانثاروں کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے،اس موقع پرذوالجناح ،علم اور تعزیہ کے جلوس برآمد ہوں رہے ہیں جبکہ مجالس کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جلوس کی سیکیورٹی کے لئے فول پروف اتظامات کئے گئے ہیں،کراچی پولیس چیف امیر شیخ کے مطابق پولیس کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کیلیے 11ہزار کے قریب اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتےہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ 11 ہزار کے قریب اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن میں 4 سو خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز کو تعینات کیا گیا ہے۔
امیر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مختلف مقامات پر رسپانس سینٹر قائم کئے گئے ہیں،رینجرز ،اور پولیس کے کنٹرول روم ہیں جہاں سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔