لاہور،نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے چہلم کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر جلوس اور مجالس عزا کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا جن میں علما اور ذاکرین شہدائے کربلاکو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ لاہور میں چہلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی گیٹ سے برآمد ہوا جومقررہ راستوں سے ہوتا ہواشام کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی برآمدگی سے لیکر اختتام تک جگہ جگہ زنجیر زنی اور ماتم کیا جائیگا۔
جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں،جلوس میں شامل ہونے والے ہر شخص کو پانچ سطحی حفاظتی حصار میں جسمانی تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔ جلوس کے تمام روٹ کو سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائیگا۔