کراچی،وزیر ریلوے کا دھابیجی ایکسپریس چلانے کا اعلان،صدر مملکت افتتاح کریں گے
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نئی ٹرین چلانے جا رہے ہیں جو وزیر اعظم کی جانب سے مزدوروں کیلئے تحفہ ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نئی ٹرین دھابیجی ایکسپریس چلانے کا اعلان کردیا,شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ٹرین یکم نومبر کو سوا چھ بجے چلے گی اور پہلے دن مسافر اس میں مفت سفر کرسکیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی بدھ کے روز دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے،یہ ریل گاڑی عمران خان کی طرف سے مزدوروں کیلئے تحفہ ہے، پہلے روز تمام مسافر دھابیجی ایکسپریس میں مفت سفر کر سکیں گے، ریل گاڑی سوا چھ بجے چلے گی، خواہش ہے کہ مزدور چھتوں پر نہ بیٹھے اور وقت پر گھر پہنچے، اس کیلئے ریل میں سفر کرنے والے مزدوروں کو مہینے بھر کا پاس بھی دیا جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریل سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ریلوے سرکلر ریل کیلئے پوری سہولت دینے کو تیار ہے، جلد ہی سکھر کراچی ایکسپریس کا بھی آغاز کریں گے، ہم حیدرآباد کے لئے بھی ٹرین چلائیں گے، جب کہ گوادر میں بھی ٹریک بچھانے کو تیار ہیں، محکمہ ریلوے کی حکمت عملی سے متعلق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 100روز میں10ٹرینیں چلانے کا ایجنڈا ہے۔