اسلام آباد:آسیہ مسیح بری: مذہبی جماعتوں کا ملک بھر میں احتجاج
وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی-6 آبپارہ میں بھی مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ ریڈزون میں بھی کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
کراچی میں لیاری، ایکسپریس وے، اسٹار گیٹ، نمائش چورنگی، بلدیہ اور نٹی جیٹی پل سمیت متعدد علاقوں میں بھی احتجاج جاری ہے۔ سپر ہائی وے کو بھی بلاک کردیا گیا اور حیدر آباد سے کراچی کی دو طرفہ ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔مذہبی جماعتوں کے کارکن سڑکوں پر ٹائر جلا کر احتجاج کررہے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین رسالت کیس میں سزائے موت پانے والی آسیہ مسیح کو بری کردیا ہے۔ عدالت نے آسیہ مسیح کی اپیل پر 8 اکتوبر کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
آسیہ مسیح نے سزائے موت کے خلاف 2015 میں عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی تھی جس کا فیصلہ آج سنایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کےمطابق سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اگر آسیہ بی بی کے خلاف کوئی اور کیس نہیں ہے تو انہیں فوری رہا کردیا جائے۔