اسلام آباد:عدالت کی توہین نہیں سوچ سکتا، ملک وزیراعظم کی پالیسیز پر چلے گا: فواد چوہدری
سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ میرا چیف جسٹس سے احترام کا تعلق ہے، نہ کبھی عدالت کی توہین کی ہے نہ کبھی ایسا کرنے کا سوچ سکتا ہوں، ہم قانون کے مطابق چلیں گے، بیوور کریسی سے محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں اختیارات سے تجاوز ہوگا وہاں قانون کو حق ہے، سپرمیسی کسی شخص کی نہیں آئین کی ہے، آئین کے تحت اختیارات پر چلیں گے، پی ٹی آئی کی جدوجہد ہی آئین کے مطابق حکومت چلانے پر ہے، میں نے اداروں میں اختیارات اور توازن کی بات کی ہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں، اس وقت بیورو کریسی سے متعلق مسائل آرہے ہیں لیکن یہ ملک وزیراعظم عمران خان کی پالیسیز کے مطابق چلے گا۔ اعظم سواتی سے متعلق کچھ نہیں پتا، وہ شریف انسان ہیں،
وزیراطلاعات نے آل پارٹیز کانفرنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی پھسپھسی نکلی ہے، مولانا صاحب لگے رہیں، اگلے دس پندرہ سالوں میں کامیابی شاید ملے لیکن اس وقت حکومت مستحکم ہے اور عمران خان پر لوگوں کا اعتماد ہے، ہم لوگوں سے کیے وعدے پورے کریں گے۔