کراچی، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی مزار قائد پر حاضری
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے آج مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔وفاقی وزیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
بعد ازاں انہوں نے مزار کے احاطے میں پودا لگایا۔
مزار پر حاضری کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بانی قوم کے مزار پر آکر روحانی خوشی محسوس ہوتی ہے اور یہاں آکر تجدید عہد کا وقت بھی ہوتا ہے ۔ قائد اعظم جو خواب دیکھا تھا پاکستان کے بارے میں کہ ایک ایسا ملک جس میں سارے شہری برابر ہوں، ایک ایسا ملک جو ترقی کرے جو تمام شہریوں کیلئے روزگار، خوراک مہیا کرے اور معیار زندگی بہتر بنائے، یہاں آکر ایک موقع ملتا ہے دوبارہ اس عہد کو تجدید کرنے کا اس عہد کے ذریعے آگے جانے کا اسی لئے آج قائد کے مزار پر حاضر ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم قائم ہے، اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔کوشش ہوگی آئین و قانون کے مطابق مسئلہ حل ہو، سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔
شفقت محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پردھرنا دیاتھا،چاہتے ہیں قانون کی حکمرانی ہو،مزارمینجمنٹ کمیٹی سے بھی میٹنگ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ تعلیم کی ذمہ داری ہم سب کی ہے،وفاقی حکومت تعلیم پر کام کر رہی ہے۔مذاکرات اورقانونی جائزہ لیا جارہا ہے،کوشش ہوگی کہ امن و امان سے یہ مسئلہ حل ہوجائے ۔