کراچی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن پر اجلاس کا انعقاد
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن پر اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیر تعلیم، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری تعلیم، ایم ڈی ایس ای ایف ودیگر شریک تھے۔
سیکریٹری تعلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 843 اسکول اپ گریڈ ٹو مڈل اور ہائی اسکول کردئیے ہیں۔9 جے آئی سی اے اسیسٹڈ 5517 اسکول کو مسنگ سہولیات پہنچائی گئیں۔30 ہزار اساتذہ گذشتہ دس سالوں میں میرٹ پر بھرتی ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سال دو ہزار سترہ اٹھارہ میں دس اعشاریہ اٹھارہ بلین روپے تعلیم پر خرچ ہوئے۔ملک میں دو کروڑ اٹھائیس لاکھ چوالیس ہزار تین سو تین بچے اسکول سے باہر ہیں جس میں ایک کروڑ اکیس لاکھ اکسٹھ ہزار ستانوے طالبات ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ مجھے منصوبہ بناکر دیا جائے، مجھے ان بچوں کو اسکول واپس لانا ہے۔
سیکریٹری تعلیم نے بتایا کہ صوبے میں سنگل روم نو ہزار آٹھ سو انتالیس اسکولز ہیں جبکہ چار ہزار نوسو دس شیلٹرز اسکولز ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے ریکیوٹمنٹ میں سائنس ٹیچرز بھرتی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بقا بہتر نظام تعلیم میں پنہاں ہے۔
سید مراد علی شاہ نےبہتر حاضری والے دس ہزار ایک سو پندرہ ترجیحی اسکولوں کا انفراسٹرکچر فوری بہتر بنانے کا حکم بھی دیا۔