اسلام آباد، مذاکرات کامیاب، حکومت اور مظاہرین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا
تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق آسیہ مسیح کی بریت کیخلاف 30 اکتوبر اور اس کے بعد گرفتار ہونے والے افراد کو رہا کیا جائے گا اور ملزمہ کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
معاہدے کی شق میں کہا گیا ہے کہ آسیہ مسیح کے مقدمے میں نظر ثانی اپیل دائر کر دی گئی جو مدعا علیہان کا قانونی حق واختیار ہے جس پر حکومت معترض نہیں ہوگی۔
تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعہ کے دوران کسی کی دل آزاری ہوئی یا تکلیف ہوئی تو تحریک لبیک اس پر معذرت خواہ ہے۔
حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں پیر افضل قادری، صاحبزادہ نور الحق قادری، وحید نور اور وزیر قانون پنجاب کے دستخط موجود ہیں۔