اسلام آباد:وزیر اعظم کا دورہ: چین اور پاکستان کے درمیان 15معاہدوں پر دستخط
معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور انکے چینی ہم منصب لی کی چیانگ بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کر دیے۔
تقریب میں دوطرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔چین کی اکیڈمی آف سائنسزاور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ میں معاہدہ ہوا۔ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی کے درمیان بھی معاہدہ پر دستخط ہوئے۔
اسلام آباد پولیس اوربیجنگ پولیس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان پاکستان سے غربت کےخاتمے کےلیےمفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔دونوں ممالک نے زراعت اور اقتصادی وتکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔
عمران خان کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندگان کی حیثیت سے پاکستان اور چین کی حکمران جماعتوں کے مابین تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطہ مہم کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس میں سیاسی جماعتوں، تعلیمی اداروں، میڈیا، نوجوان، خواتین اور تحقیقی اداروں کے مابین تعلقات شامل ہیں۔