Nov 04, 2018 02:56 pm
views : 441
Bejing:PM seeks Chinas cooperation to curb white collar crimes
بیجنگ: وائٹ کالر جرائم سے نمٹنے کے لیے چین کا تعاون درکار ہے: وزیراعظم
بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کے مستقبل کی قیادت سے بات کر رہا ہوں، 60 کی دہائی میں پاکستانی شرح نمو سب سے زیادہ تھی لیکن بدعنوانی نے پاکستان کی ترقی کو بری طرح متاثر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شمالی کوریا اور ملائیشیا کے لیے بھی ماڈل تھا لیکن بدقسمتی سے حکومتی طبقے کی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ نے ملک کے لیے مسائل پیدا کیے۔انہوں نے کہا کہ 1996 میں بدعنوانی کے خلاف اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا، کرکٹ کو خیرباد کہہ کر سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی لیکن اس وقت ہماری جماعت کو اہمیت نہیں دی گئی اور آج تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 30 سال میں چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور جو ترقی کی وہ ہمارے لیے مثال ہے، ہم پاکستان میں بھی لوگوں کو غربت سے نکالیں گے، جب بھی ضرورت پڑی چین نے پاکستان کی مدد کی اور وائٹ کالر جرائم سے نمٹنے کے لیے چین کا تعاون درکار ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اداروں کو مضبوط کر کے ہی بدعنوانی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، ہم چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی معیشت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی تاہم پاک چین اقتصادہ راہداری منصوبہ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔