کراچی: گورنر سندھ سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ملاقات۔۔۔
گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی ملاقات ہوئی،ملاقات میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول،سرمایہ کاری کے لئے دی جانے والی مراعات، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں،وزیر اعظم کی جانب سے کراچی کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج ،اس پر ہونے والی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی ملک کی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول میسر ہے۔وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے شہر قائد کے انفرا اسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے۔ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔وزیر اعظم کی قیادت میں نئے پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔