کراچی:صدر کے علاقے میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن
صدر میں واقع ایمپریس مارکیٹ اور اطراف میں تجاوزات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جب کہ کراچی میونسپل کمیٹی (کے ایم سی) کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔ علاقے میں دکانداروں اور پتھارے والوں کو آپریشن سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
آپریشن پر دکانداروں اور پتھارے والوں کا کہنا تھا کہ وہ لوگ کے ایم سی کو باقاعدہ سے پیسے دیتے ہیں، کے ایم سی عملے کی جانب سے انہیں پیسوں کے بدلے تجاوزات قائم کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔تجاوزات کے خلاف پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کا آغاز ہوا۔ گرینڈ آپریشن کیلئے کے ایم سی کا عملہ صبح پریڈی تھانے پہنچا۔ شہری حکومت کی جانب سے آپریشن کو تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔آپریشن کے پہلے مرحلے میں فٹ پاتھ صاف کیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں دکانوں کے اضافی حصے ہٹائے جائیں گے، جب کہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 300سے زائد غیر قانونی دکانیں مسمار کی جائیں گی۔
اسی علاقے میں حکومت کی جانب سے پرانے جہانگیر پارک کو نئی طرز پر تعمیر کیا گیا، جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اور ہر عمر کے افراد یہاں جوق در جوق آتے ہیں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بلدیاتی ادارے اور پولیس ایمانداری سے ذمہ داری نبھائیں تو قبضہ مافیا بار بار صدر کا نقشہ بگاڑنے کی جرات نہ کریں۔