لاہور،اپوزیشن کہتی ہے این آر او، ہم کہتے ہیں نہ رو، فواد چودھری
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم تاریخی دورہ چین کے بعد آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں، چین میں تاریخی معاہدوں پردستخط ہوئے، باہمی تجارت ڈالر کے بجائے چینی کرنسی میں ہو گی،اپوزیشن این آر او مانگ رہی ہے، وہ کہتی ہے این آر او، ہم کہتے ہیں نہ رو۔
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، وزیراعظم تاریخی دورے کے بعد آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں جس کے بعد معاشی پیکج سےمتعلق وزیرخزانہ تفصیلات بتائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے، پہلے عوام کا پیسہ واپس دیا جائے۔ اپوزیشن کہتی ہے این آر او، ہم کہتے ہیں نہ رو۔ اپوزیشن ہار گئی اس لئے دھاندلی کا کہتی ہے۔ اس وقت عالمی برادری سے تعلقات سابق حکومت کے مقابلے بہترہیں، اسلامی دنیا اپنے مسائل کےحل کیلئےعمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر سیاست کرنیوالوں کا سب کو پتا ہے، ایک بچے سے کیلے چھین لئے گئے، صوبوں سے املاک کے نقصان، شرپسندوں کی تفصیل آج مانگی ہے، احتجاج کرنے والوں کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں تھی تاہم اس اہم موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے مثبت کردار ادا کیا۔