اسلام آباد،اگر فسادیوں کو خلا میں بھیج دیا گیا تو ایوان خالی ہوجائیگا،خورشید شاہ
پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایوان کا ماحول ٹھیک رکھنا حکومت کا کام ہے جب کہ یہاں حکومتی ارکان کا رویہ ہی ٹھیک نہیں ہو گا تو ایوان کیسے چلے گا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ آج اخبار میں لکھا تھا کہ سپارکو سے کہا ہے کہ وہ سیاسی فسادیوں کو خلا میں لے جا کر چھوڑ دے اور سنا ہے کہ سپارکو نے گزشتہ پانچ سال کا ڈیٹا بھی مانگ لیا ہے،ایسا ہوا تو ایوان تو خالی ہی ہو جائے گا۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سال ایوان میں فساد کرنے والے تو آج بھی یہاں موجود ہیں میرا مطالبہ ہے کہ سپارکو صرف تین ماہ کا ہی ڈیٹا مانگے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو واحد سیاسی رہنما تھیں جنہوں نے جمہوریت کے لئے اپنے مخالفین کا بھی احترام کیا،انکے نام پر ائر پورٹ کا نام رکھا گیا نئے ائر پورٹ پر بے نظیر کے نام کے بجائے اسلام آباد ائر پورٹ رکھ دیا گیا جو باعث افسوس ہے۔