اسلام آباد، اقبال ڈے کی چھٹی جائز نہیں سمجھتی، شیری مزاری
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیری مزاری کا کہنا ہے کہ اقبال ڈے کی چھٹی میں جائز نہیں سمجھتی۔ نو نومبر کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو یاد کرنے کا دن ہے۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے احترام کیلئے اقبال ڈے کے دن چھٹی کی بجائے تعلیمی اداروں اور پارلیمنٹ میں علامہ محمد اقبال کے فلسفے، افکار اور خیالات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیری مزاری کا مزید کہنا تھا کہ نونومبر کو یہ نہیں ہونا چاہیے کہ چھٹی کرکے گھر پر بیٹھ کر پکنک منائی جائے، ہمیں شاعر مشرق کو عزت دینی ہے۔ اقبال ڈے کی چھٹی بے معنی ہے۔ اقبال کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ نے اقبال ڈے کی چھٹی کے حوالے سے قرارداد پیش کی ہے لیکن بہتر ہوتا کہ وہ قرارداد پیش کرنے سے پہلے اپنی جماعت کے دیگر اراکین سے مشاورت کرلیتے تو آج ان کی طرف سے ہی مخالفت سامنے نہ آتی۔