لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں کرکٹ کے فروغ خصوصاً جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں میں کرکٹرز کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کیلئے کرکٹ اکیڈمی کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے، کرکٹ ٹیم نے وطن عزیز کا نام روشن کیا۔کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔پنجاب حکومت اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی۔جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں کے لڑکوں کی کوچنگ کیلئے پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز کے دورے کرائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پی سی بی جامع پلان مرتب کرے، حکومت پنجاب ممکنہ سہولتیں دے گی۔پی ایس ایل کے میچوں کیلئے بھی پی سی بی سے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔پی ایس ایل کے باعث پاکستان میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد بڑھی ہے۔پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پی سی بی کے دورے کی دعوت دی۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر چلیں گے۔مشیر وزیراعلیٰ عون چوہدری، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔