اسلام آباد، اداروں سے بغاوت پر اکسانے کے مسئلے پر بحث ہونی چاہیئے، رضا ربانی
سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے جب ریکوزیشن جمع کروائی گئی اور اجلاس بلایا گیا تو اس دورانیے میں ایک بہت ہی اہم واقعہ پورے ملک میں نمودار ہوا ۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ ایوان بالا ہوتے ہوئے اس واقعے کی سنگینی کو مد نظررکھتے ہوئے نہ صرف اس واقعے کی وجہ سے پورا ملک تین دنوں کیلئے شٹ ڈاؤن رہا لیکن جس طرح آئین کے تحت بنے ہوئے اداروں کے بارے میں بات کی گئی اور بغاوت پر اکسایا گیا اگر یہ ہاؤس اس مسئلے کو اجاگر نہیں کرتا تو یہ مناسب نہیں ہوگا۔
سینیٹر رضا ربانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استدعا ہے کہ آج کا دن بحث کیلئے مختص کردیا جائے تاکہ اس اہم مسئلے پر بحث کی جائے۔ پارلیمنٹ میں اتنے سنگین نوعیت کے معاملات پر بحث نہیں کی جائے گی جن کی نشاندہی خود وزیر اعظم نے اپنے تقریر میں کی کہ کس طرح عدلیہ اور افواج پاکستان کو کہا گیا وہ مناسب نہیں ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ میری استدعا یہی ہے کہ اس مسئلے سے آج کی گفتگو یا بحث کا آغاز کیا جائے۔